اقوام متحدہ 24 مئی (کے ایم ایس)
پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارتی فوجی قبضے کے تحت کشمیری عوام کی مایوس کن حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے بھارت کی طرف سے متنازعہ علاقے جموںوکشمیر میںگروپ20 اجلاس کا انعقاد کر کے خطے کی صورتحال کو معمول کے مطابق دکھانے کی کوشش کی مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کشمیری عوام کی سلامتی اور وقار کو یقینی بنانے اور خوراک اور ضروری خدمات تک رسائی کے متعلقہ مسئلے کو حل کرنے پر بحث کے دوران کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوج انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں اور کشمیریوں کی املاک اور ذریعہ معاش پر مسلسل قبضہ کر کے ان پر محرومی اور بھوک کو مسلط کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ گروپ 20کے بعض ارکان مقبوضہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق دکھانے کی بھارتی کوششوں میں شریک ہو گئے۔