کانگریس پارٹی نے مودی حکومت کے 9سالہ دور اقتدار کو ناکامی اور بدحالی کے سال قراردیدیا

congress modiنئی دلی26 مئی (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی نے مودی حکومت کو 9سال مکمل ہونے کے موقع پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ناکامی اوربدحالی کے 9سال قراردیا ہے۔
کانگریس نے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ٹوئٹ میں کہاہے کہ مودی حکومت کی وجہ سے ملک کے عوام کے مصائب کے 9سال مکمل ہو چکے ہیں ۔ ٹویٹ میں مودی حکومت کے دور میں ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی اور دیگر مسائل پر کڑی تنقید کی گئی ہے ۔ٹوئٹ میںمزید کہا گیاہے کہ ”آج مودی حکومت کے 9سال مکمل ہو گئے ہیں ، یہ ‘ناکامی کے9سال’ ہیں۔ 9 سال ملک بدحال ہوا ہے، ان 9 سالوں میں عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا ہے، بے روزگاری اور آمرانہ فیصلوں کا خمیازہ بھگتنا پڑااورمودی سرکار نے اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا”۔ بس تاریخ کے بعد تاریخ دیتے رہے۔ ٹویٹ میں کہاگیا ہے کہ مودی حکومت نے 2022تک کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے ،سب کو گھر فراہم کرنے ، کالا دھن واپس لا نے اور ہر سال 2کروڑ نوکریوں دینے کے وعدے کئے تھے تاہم ان میں کوئی ایک بھی پورا نہیں کیاگیا۔کانگریس نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی لاعلمی کی وجہ سے ملک کو مشکل میں ڈال دیا۔ نوٹ بندی نے معیشت کو تباہ کر دیا اوربنکوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاروں کے خوفناک منظر ،کوکوئی بھی بھول نہیں سکتااور گبر سنگھ ٹیکس(جی ایس ٹی)سے تاجر تباہ ہو گئے۔ٹویٹ میں مزید کہاگیا کہ اگنی ویر کے مودی حکومت فیصلے نے نوجوانوں کے خوابوں کو چکنا چور کر دیا اورجب انہوں نے احتجاج کیا تو انہیں دھمکی دی گئی کہ انکا مستقبل تباہ کر دیا جائے گا۔ مودی سرکار عوام کو ڈرا کر، خرید کراور دوستوں کو سب کچھ بیچ کر مزے کرنے کے فارمولے پر چل رہی ہے۔
مودی حکومت کے9سال مکمل ہونے پر کانگریس نے لکھا، جو بھی آواز اٹھی اسے دبادو، کچل دو، جیل میں ڈال دو، بلڈوزر چلا دو، ای ڈی، سی بی آئی کا خوف دکھائو،کسی ریاست میں حکومت نہ بنے تو پیسے کے بل بوتے پر اقتدار خریدو اور جمہوریت کا قتل کرو، ملک کی بندرگاہیں، ہوائی اڈے، بڑے بڑے منصوبے ‘دوستوں ‘کو بیچ دو اور آرام سے ‘متر کال’ میں فوٹو کھنچواتے رہو۔ کانگریس کے ٹویٹ میں مزید کہاگیا کہ مودی حکومت میں میڈیا کا کردار بھی اہم ہے۔ پروپیگنڈا صبح سے شام تک جاری رہتا ہے۔ ‘مہامانو’ کی فرضی شبیہ گڑھی جاتی ہے اور آخر میں وہ مہامانو ‘لال شرٹ’ پہن کر چین کو مائل کرتے نظر آتے ہیں۔چین کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا، یاد ہی ہوگا کہ چین کو سرخ آنکھیں دکھانے کی بات ہو رہی تھی۔ بالآخر معاملہ لال شرٹ تک جا پہنچا۔ کانگریس نے مزید کہا ”مودی حکومت کی ناکامی کی بہت سی باتیں ہیں۔ اتنی کہ کئی کتابیں لکھی جا سکتی ہیں لیکن پھر بھی بہت سی چیزیں رہ جائیں گی۔ یہ ‘ناکامی کے 9 سال’ ہیں۔ اب لوگ ان سے اکتا چکے ہیں۔ کرناٹک کا الیکشن اس کا ثبوت ہے، جہاں عوام نے براہ راست پی ایم مودی اور ان کی بدعنوان حکومت کو مسترد کر دیا۔ بے اطمینانی کی یہ لہر جنوب سے شروع ہوئی ہے جو پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ عوام انتظار کر رہی ہے اور کرارا جواب دیں گے۔

Leave a Reply

%d bloggers like this: