بھارتی میڈیا پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ دفاعی معاہدے کے فوائد کا معترف

نئی دہلی: بھارتی ذرائع ابلاغ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے سے پاکستان کو حاصل ہونے والے فوائد کا اعتراف کرتے ہوئے ا سے اہم دفاعی معاہدہ قرار دے رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹس میں کہاہے کہ پاک -سعودی-ترک تعاون سے پاکستان کے لیے بیش بہا فوائد ہیں اور یہ پاکستان کے لیے اہم دفاعی معاہدہ ہے۔ بھارتی اخبار” انڈیا ٹوڈے“ کے مطابق دفاعی انضمام، مشترکہ فوجی مشقیں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پاکستان کی دفاعی صلاحیت بڑھا سکتے ہیں، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ دفاعی پیداوار پاکستان کی جنگی تیاری مزید مضبوط کرسکتی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ دفاعی معاہدے سے پاکستان کو ترکیہ کی جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور الیکٹرونک وارفیئر صلاحیتیں حاصل کرنے میں آسانی ہوگی اورسعودی عرب کی مالی معاونت اور ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی پاکستان کے اہم اسٹریٹجک مفاد میں ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ترکیہ کی ٹیکنالوجی، سعودی وسائل اور پاکستان کی آپریشنل صلاحیتیں مو¿ثر دفاعی امتزاج تشکیل دینے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک-سعودی-ترکیہ دفاعی تعاون بھارت کے لیے چیلنج بن چکا ہے۔بھارتی میڈیا کی جانب سے معاہدے کے دفاعی فوائد کا اظہار معاہدے کی اسٹریٹجک اہمیت کا برملا اعتراف ہے۔







