مشرف کے انتقال پراظہار تعزیت کرنے پربی جے پی کا کانگریس پر پاکستان پرستی کا الزام
نئی دہلی06فروری(کے ایم ایس) کانگریس کے سینئر رہنما ششی تھرور نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کبھی بھارت کے ناقابل تسخیر دشمن تھے لیکن بعد میں وہ امن کے لئے حقیقی طاقت بن گئے۔ اس بیان پر بی جے پی ناراض ہو گئی۔
ششی تھرور کی سوشل میڈیا پوسٹ پر جس میں انہوں نے مشرف کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا ہے، ہندوتوا بی جے پی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کانگریس پر”پاکستان پرستی”کا الزام لگایا۔ششی تھرور نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ سابق پاکستانی صدرپرویز مشرف ایک نایاب بیماری سے انتقال کر گئے: ایک دفعہ کے بھارت کے ناقابل تسخیر دشمن، جو 2002سے2007کے درمیان امن کے لیے ایک حقیقی قوت بن گئے۔سابق بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کہا کہ میں ان دنوں اقوام متحدہ میں ہرسال ان سے ملتا تھا اور میں نے انہیں سمارٹ،مصروف اور اپنی حکمت عملی کی سوچ میں کلئیر پایا۔ بھارتی وزیر راجیو چندر شیکھر نے تھرور کو ان کے ٹویٹ پر تنقید کا نشانہ بنایا۔تھرور کے ٹویٹس کو ٹیگ کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان شہزاد پونا والا نے کہاکہ ایک زمانے میں مشرف نے راہول گاندھی کو ایک شریف آدمی کے طور پر سراہا تھا شاید اس سے کانگریس مشرف سے پیار کرتی ہے؟ پونا والا نے کہاکہ دفعہ370 سے لے کربالاکوٹ میں سرجیکل اسٹرائیک تک کانگریس پاکستان کے موقف کی حمایت کرتی ہے اور مشرف کی تعریف کرتی ہے لیکن ہمارے چیف کو ”سڑک کا غنڈہ”قراردیتی ہے۔یہ ہے کانگریس؟ایک اور ٹویٹ میں بی جے پی رہنما نے پرویز مشرف کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کی جب وہ بطور صدر پاکستان بھارت کے دورے پرتھے اورویڈیو میں راہول گاندھی ان کے بیٹے اورسابق وزیر اعظم منموہن سنگھ مشرف کی اہلیہ ، بھائی اوربیٹے کو کھانے پر مدعو کرتے ہیں۔بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے بھی تھرور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ شرم الشیخ سے شرم کر ششی تک،سابق وزیر خارجہ کی غلط ترجیحات؟