مقبوضہ جموں وکشمیر :بھارتی فورسز نے محاصروں ، تلاشی کی کارروائیو ں کا سلسلہ تیز کردیا
کشمیری خوف و دہشت کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور
سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے محاصروں اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جسکی وجہ سے نہتے کشمیری شدید خوف ودہشت کے ماحول کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر، کپواڑہ، بارہمولہ، گاندربل، بانڈی پور، اسلام آباد، شوپیاں، پلوامہ، کولگام، پونچھ، راجوری، ڈوڈہ، کشتواڑ، سانبہ، ریاسی اور کٹھوعہ سمیت تمام اضلاع میں بھارتی فوجیوں کے پر تشدد آپریشنوں کی وجہ سے خوف ودہشت کی فضا ہے۔ بھارتی فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، ولیج ڈیفنس گارڈزاور اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکار رہائشی علاقوں کا محاصرہ کر کے گھروں میں گھس جاتے ہیں اور خواتین اور بچوں سمیت مکینوںکو سخت ہراساں اور قیمتی گھریلواشیاءکی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔
قابض بھارتی فورسز کی بلاجواز کارروائیوں کیوجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ خوف ودہشت کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ بھارتی فورسز نے روراں ماہ اب تک بارہ کے لگ بھگ کشمیریوں کو شہید جبکہ بیسیوں لوگوںکو جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے جن میں سے بہت سوں کیخلاف پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
دریںاثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کے بڑھتے ہوئے پر تشدد آپریشنوں پر شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔