بھارت :منی پور حکومت کامودی حکومت سے کالا قانون آرمڈفورسز اسپیشل پاورز ایکٹ واپس لینے کا مطالبہ
امپھال:بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور کی حکومت نے مودی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ ریاست میں نافذ کالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورزایکٹ پر نظرثانی کرے اوراسے واپس لے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق منی پور حکومت نے مودی حکومت کو لکھے گئے ایک خط میں سفارش کی ہے کہ وہ ان علاقوں میں اس قانون کے نفاذ پر نظرثانی کرے جن کوآرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ1958کے سیکشن 3کے تحت شورش زدہ علاقے قراردیاگیا ہے۔محکمہ داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری نے اپنے خط میں کہا کہ ریاستی کابینہ نے 15نومبر کو ہونے والے اجلاس میں AFSPAکے دوبارہ نفاذ پر غور کیا اور مرکزی حکومت کو مذکورہ حکم نامے پر نظرثانی کرنے اور اسے واپس لینے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ کابینہ فیصلے کے مطابق عوامی مفاد میں درخواست کی جاتی ہے کہ 14-11-2024کے نوٹیفکیشن کاازسرنو جائزہ لیا جائے اور اسے واپس لیا جائے ۔ بھارت کی وزارت داخلہ نے 14نومبر کو منی پور کے سیکمائی ، لامسانگ ، لام لائی، مویرانگ، لیماکھونگ اور جیریبام پولیس اسٹیشنوںکے تحت آنے والے علاقوں میں آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ دوباہ نافذ کیا تھا۔