مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پیرا ملٹری اہلکارکی خودکشی

سرینگر: بھارت کے غیر قانو نی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے ضلع کولگام میں خودکشی کر لی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق،ضلع میں سی آر پی ایف کی 18ویں بٹالین کی ایف کمپنی میں تعینات اہلکار کی شناخت وائی چندرا ریڈی کے نام سے ہوئی ہے، جو آندھرا پردیش کا رہائشی تھا ۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ریڈی نے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی۔سی آر پی ایف اہلکار کے اس انتہائی اقدام کی فوری طور پروجہ معلوم نہ ہو سکی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج اور پیراملٹری اہلکاروں کی جانب سے خودکشی اور ایک دوسرے پر فائرنگ کے واقعات اکثر رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔ تجزیہ کار وں کے مطابق مقبوضہ علاقے میں طویل عرصے تک تعیناتی، مشکل اور طویل ڈیوٹی اورناکافی چھٹیاں بھارتی فوجیوں میں خودکشی کی بڑی وجہ ہے۔







