بھارتی سپریم کورٹ نے نظربند حریت رہنما نعیم خان کی ضمانت منظورکرلی
نئی دہلی:بھارتی سپریم کورٹ نے ایک جھوٹے کیس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان کی ضمانت منظورکرلی ہے۔ اس کیس کی تحقیقات بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے پیر کے روز نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربندحریت رہنما کو ضمانت دی۔ ان کے وکیل نے ضمانت کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ نعیم خان اس مقدمے میں نو سال سے زائد عرصے سے نظربند ہیں۔ان کے وکیل ایڈووکیٹ تارا نرولا نے سرینگر میں صحافیوں کو فون پر بتایا کہ عدالت نے کھلی سماعت کے دوران ضمانت منظور کی ہے۔ تاہم تحریری حکم کا انتظار ہے۔
انہوں نے کہاکہ ضمانتی مچلکوں سمیت ضمانت کی شرائط کی تفصیلات ابھی معلوم نہیں ہیں۔ غالب امکان ہے کہ یہ شرائط ٹرائل کورٹ کی تسلی کے مطابق ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ عدالت کی عائد کردہ شرائط پوری ہونے پر نعیم خان کو رہا کیا جائے گا۔ تاہم اگر وہ کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہ ہوئے تو ہی ان کی رہائی ممکن ہوگی۔نعیم خان کے بھائی منیر احمد نے بھی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں ضمانت کی تصدیق کی ہے۔
نعیم خان نے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرکے دہلی ہائی کورٹ کے 9اپریل 2025 کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی۔ اس سے قبل این آئی اے کی خصوصی عدالت نے بھی دسمبر 2022 میں ان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
این آئی اے نے نعیم خان کو 24 جولائی 2017 کو گرفتار کیا تھا۔ وہ 14اگست 2017 سے مسلسل عدالتی حراست میں ہیں۔یہ مقدمہ تعزیراتِ ہند کی دفعات اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون (یو اے پی اے)کے تحت درج کیا گیا تھا۔ اس قانون پر بڑے پیمانے پر تنقید کی جاتی رہی ہے۔
این آئی اے نے حریت قیادت کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے ہیں۔ ایجنسی کا الزام ہے کہ حریت رہنما وادی کشمیر میں آزادی کا مطالبہ کرنے اور احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے جیسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے 2019 سے حریت رہنمائوں اور سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرکے بھارتی جیلوں میں نظربند کر رکھا ہے۔ان اقدامات کا مقصد کشمیریوں کی سیاسی آواز کودبانا اور حقِ خودارادیت کے ان کے جائز مطالبے کو کچلنا ہے۔








