بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف جموں میں احتجاج
جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بجلی کے نرخوں میں اضافے کے مودی حکومت کے فیصلے کے خلاف پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے ”بجلی مہنگی، عوام پریشان“ اور ”200 یونٹ بجلی دو، ورنہ کرسی چھوڑ دو“ جیسے نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ موجودہ انتظامیہ نے انتخابات کے دوران 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کے اپنے وعدے سے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔پی ڈی پی کے ترجمان وریندر سونو نے کہا کہ حکومت نے اس کے بجائے بجلی کے نرخوں میں 6 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ نے اقتدار میں آنے کے لیے 200 یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اب آپ اس اضافے کو مجبوری قرار دے رہے ہیں۔ یہ وعدے سے انحراف ہے۔ انہوں نے کہاکہ این سی کو غریب عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے ووٹ دیے گئے تھے، لیکن انہوں نے یو ٹرن لیتے ہوئے عوام پر بلاجواز اضافے کا بوجھ ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اپنا وعدہ پورا نہیں کر سکتی تو اسے مستعفی ہو جانا چاہیے۔








