میڈیسن اسکوائر گارڈن میں آر ایس ایس کی تقریب1939 کی نازی ریلی سے مماثلت رکھتی ہے
نیویارک : کانگریس کے لئے ڈیموکریٹک پارٹی کے نامزد
امیدوار اور نیویارک شہر کے سابق کمپٹرولر بریڈ لینڈر نے کہا ہے کہ بھارت کی ہندو انتہاپسند تنظیم آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی تقریب کے لیے میڈیسن اسکوائر گارڈن کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے کیونکہ آر ایس ایس ایک ایسی تنظیم ہے جوسکھوں، مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف تشدد کو فروغ دینے کے لیے بدنام ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لینڈر نے یہ بات نیویارک سٹی ہال میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انڈین امریکن مسلم کونسل (IAMC) کی جانب سے منعقد کی گئی اس پریس کانفرنس کا مقصد 29 اگست کو میڈیسن اسکوائر گارڈن میں موہن بھاگوت کے مجوزہ پروگرام کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لینڈر نے کہاکہ میں ایک فخر کرنے والے یہودی نیویارکر کی حیثیت سے یہاں یہ کہنے آیا ہوں کہ بھاگوت کو میڈیسن اسکوائر گارڈن میںنفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔انہوں نے تاریخی مماثلت بیان کرتے ہوئے 1939 میں میڈیسن اسکوائر گارڈن میں منعقد ہونے والی نازی ریلی کا حوالہ دیا جس میں دسیوں ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں لوگ مذہبی نفرت اور تشدد کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے جو موہن بھاگوت اور آر ایس ایس کے اقدامات سے بہت مماثلت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیسن اسکوائر گارڈن آئندہ پھر نفرت اور تعصب سے بھرپور ریلیوں کی میزبانی نہیں کرے گا۔ اسے اس تقریب کی میزبانی بھی نہیں کرنی چاہیے۔








