مقبوضہ جموں و کشمیر
کشتواڑ میں مکمل ہڑتال، کم عمر لڑکی کی بے حرمتی ، قتل کے ذمہ داروں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ
جموں: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں کم سن بچی کی بے حرمتی اور قتل کے خلاف ایک مرتبہ پھر مکمل ہڑتال کی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کے علاقے چھترو سے تعلق رکھنے والی 14سالہ طالبہ کو تقریبا ً آٹھ روز قبل جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔ لوگ اندوہناک واقعے کے سراپا احتجاج ہیں ۔ وہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی اور متاثرہ خاندان کیلئے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے بند رہے ۔رپورٹس کے مطابق پولیس نے واقعے میں ملوث ایک سرکاری استاد سمیت دو افراد گرفتار کر لیے۔
دریں اثنا مقبوضہ وادی کشمیر کے جنوبی ضلع اسلام آباد میں لوگوں نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف زبردست احتجاج کیا ۔ انہوںنے نرخوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔








