آزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں رچائے جانیوالے ڈھونگ انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں

کشمیر کمیٹی ،قائمہ کمیٹی دفاع اور حریت قیادت کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کنٹرول لائن کے دورے کا اعلان

اسلام آباد:
پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی ،قائمہ کمیٹی برائے دفاع اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی قیادت نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی طرف سے منعقد کرائے جانیوالے نام نہاد انتخابات کو مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ ان انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیر کمیٹی کے چیئرمین محمد قاسم نون،دفاعی کمیٹی کے چیئرمین سردارفتح اللہ میان خیل،حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمدصفی، حریت رہنما محمدیاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کشمیر کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ بھارتی فوجیوںکی نگرانی میں انتخابی ڈھونگ رچایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ غیر ملکی سفارت کاروں کوبھارتی فوج کے کڑے پہرے میں جعلی پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرایا گیا ہے ۔رانا قاسم نون نے کہا کہ پاکستانی عوام مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد ہے۔ حریت رہنما جیلوں میںقید ہیں۔ ان حالات میں منعقد کرائے جانیوالے کسی بھی انتخاب کی کوئی ساکھ نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا ،جس کا وعدہ عالمی قراردادوں میں کشمیریوں سے کیا ہے ۔ انہوں نے فراڈ انتخابات کو مستردکرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کیلئے پورے بھارت سے ہندوئوں کو لاکر مقبوضہ علاقے میں آباد کیاگیا ہے ۔لاکھوں ہندوئوں کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں مودی حکومت کی طرف سے کرائے جانیوالے نام نہاد انتخابات کے تناظر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کنٹرول لائن کے مشترکہ دورے کا اعلان کیاہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں نام نہادانتخابات کیخلاف پار لیمنٹ، صوبائی و گلگت بلتستان اورآزادکشمیرکی اسمبلیوں میں قراردادیں منظورکی جائیں گی اورمہاجر کیمپوں کادورہ کیا جائے گا ۔حریت رہنماء غلام محمد صفی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنے والی پوری حریت قیادت جیلوں میں قیدہے ۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے کی صورتحال معمول پرآنے کے مودی حکومت کے دعوے کو مسترد کر تے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں تعینات بھارت کا ایک بھی فوجی واپس نہیں گیا ہے ۔بلکہ بھارتی فوجیوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیاگیا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں الیکشن کے نام پر ڈھونگ رچارہا ہے ۔ بھارتی فوج کے کڑے پہرے میں سفارتکاروں کا جعلی پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کروایا گیا۔انہوں نے سوال کیاکہ اقوام متحدہ کے انتخابی مبصرین اورانسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو کیوں مقبوضہ کشمیر تک رسائی نہیں دی جاتی ؟انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا واحدحل اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری ہے ۔ اس موقع پر حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ پرویز ،سابق کنوینر محمود احمد ساغر اور حریت رہنما حاجی سلطان بھی موجود تھے۔KMS-Y

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button