جنوبی ایشیا میں دائمی امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، بیرسٹر سلطان
نیویارک02نومبر(کے ایم ایس)آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیا میں مستقل امن و استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج( بدھ) نیویارک میں امریکی رکن کانگریس تھامس سوزی سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ کو کشمیر پر ایک خصوصی نمائندہ مقرر اور مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کو علاقائی امن کی کلید قرار دیتے ہوئے نے کہا کہ جنوبی ایشیائی خطے میں امن و استحکام طویل عرصے سے زیر التوا تنازعہ کے حل سے ناگزیر طور پر جڑا ہوا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نےSuozzi پر زور دیا کہ وہ امریکن کانگریس میں کشمیری عوام کیلئے آواز بلند کریں اور قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام روکنے میں مدد کریں´
صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی رکن کانگریس تھامس سوازی Thomas Suozzi کا پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد تک پہنچنے پر شکریہ ادا کیا۔ تھامس سوازی سیلاب متاثرین سے ملاقات کیلئے آنے والے پہلے امریکی تھی۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب زدہ لوگوں کی مدد کے لیے مزید فنڈز دینے کے وعدے پر امریکی انتظامیہ کو سراہا۔