بشیر اندرابی اور یوسف نقاش کا شیخ تجمل الاسلام کی وفات پر اظہار تعزیت
سرینگر 09 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کشمیر فریڈم فرنٹ کے چیئرمین سید بشیر اندرابی اور اسلامک پولیٹیکل پارٹی جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے ممتاز صحافی ، دانشور اور کشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ تجمل الاسلام کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شیخ تجمل الاسلام اتوار کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔سید بشیر اندرابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ شیخ تجمل الاسلام تحریک آزادی کشمیرکا اثاثہ تھے اور انہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کررکھی تھی۔ انہوں نے اللہ تعالی سے مرحوم کی بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔محمد یوسف نقش نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ شیخ تجمل الاسلام کی وفات کشمیر کی تحریک آزادی کیلئے ایک بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ، سیاسی ، سفارتی ، صحافتی اور فکری محاذوں پر تحریک آزادی کے لیے شیخ تجمل الاسلام کی خدمات قابل قدر اور ناقابل فراموش ہیں۔