بھارتی ریاست پنجاب میں ایک اور کشمیری کی پراسرار موت
چندیگڑھ 13 ستمبر (کے ایم ایس)بھارتی ریاست پنجاب میں ایک 20 سالہ کشمیری نوجوان کی لاش جو بی ایس سی ریڈیالوجی کے تیسرے سمسٹر کا طالب علم تھا، کالج ہاسٹل کی چھت پر سولر پلانٹ سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع بڈگام میں بیروہ کے علاقے چیوڈارہ سے تعلق رکھنے والے طالب علم عمر دیو ولد عبدالاحد دیو کے اہلخانہ نے سرینگر میں صحافیوں کوبتایا کہ انہیں اطلاع ملی کہ ان کا بیٹا کالج کے ہاسٹل کی چھت پر سولر پلانٹ سے لٹکا ہوا پایا گیا ہے۔اہلخانہ نے بتایا کہ نوجوان کا بھائی افسوسناک خبر سنتے ہی پنجاب روانہ ہوگیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نئی دہلی میں مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت میںکشمیری ہندو انتہا پسندوں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے ہفتے کے روز بھارتی ریاست ہریانہ میں ایک 40 سالہ کشمیری شال فروش کوپراسرار حالت میں مردہ پایاگیاتھا۔