حریت رہنماﺅں کا اقوام متحدہ میں تنازعہ کشمیر اجاگرکرنے پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ
سرینگر 27 ستمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کی حمایت کرنے پر وزیر اعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیرکے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین اور کشمیریوں کے لیے حوصلہ افزا ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کشمیریوں کی ترجمانی کرتے ہوئے بطور وکیل اپنی ذمہ داری پوری کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا محسن ہے اور اس نے ہمیشہ اچھے اور برے وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھارت کی طرف سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ٹھوس شواہد کے ساتھ ایک ڈوزیئر پیش کیا جو کشمیریوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔محمد یوسف نقاش نے واضح کیا کہ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں تھا ، نہ ہے اور نہ ہو گا۔
دریں اثناءجموں و کشمیر پیپلز لیگ کے رہنماو¿ں محمد حمزہ اور محمد اکبر نے سرینگر اور سوپور میں تعزیتی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے ۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کا پرامن اور دیرپا حل تلاش کرے۔
جموں و کشمیر اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے ایک بیان میں عمران خان کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںو کشمیر میںجاری قتل وغارت روکنے اور تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کی راہ ہموار کرنے کے لیے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔