مقبوضہ کشمیر :فاروق عبداللہ کا مودی حکومت اور بھارتی فوج کو آئندہ انتخابات میں دھاندلی اورمداخلت پر انتباہ
سرینگر 06دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مقبوضہ علاقے میں ہونے والے گزشتہ انتخابات کی حقیقت کو بے نقاب کرتے ہوئے مودی حکومت اور اس کی قابض فوج کی طرف سے آئندہ انتخابی عمل میں مداخلت اوردھاندلی کے بارے میں خبردار کیا ہے ۔
فاروق عبداللہ سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب میں مودی حکومت کی طرف سے اپنی سفاک فورسز کے ذریعے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے وحشیانہ مظالم کاذکر کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ہراساں کرنے والی فورسز کو شکست دینے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے خبردار کیاکہ اگر آئندہ جموں وکشمیرکے انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو اس کے خلاف شدید عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔انہوں نے مزید کشمیریوںکو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرنے اور انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زوردیا کیونکہ جموں ، کشمیر اور لداخ کے عوام نے شدید مشکلات کا سامنا کیا ہے ۔ فاروق عبداللہ نے کہاکہ کشمیری عوام نے اب تک بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور شہدا کی قربانیوں کو ہر گز فراموش نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں سے انکی شناخت چھین لی گئی ہے ۔ انہوں نے دفعہ370اور 35A کی بحالی کی جنگ کو جاری رکھنے کا عزم دہراتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے آئینی اور جمہوری حقوق حاصل کرکے ہی دم لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج وادی کشمیر سے زیادہ جموں اور لداخ کے عوام دفعہ370اور 35A کی منسوخی کے نقصانات شدت کیساتھ محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کشمیریوں پر آپسی بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور مل جل کر اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے پر زوردیا۔اس موقع پر عمر عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف جنگ آئینی اورقانونی طورپرجیتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقصد واضح ہے اور ہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے۔