بھارتی فورسزکی جابرانہ کارروائیوں کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کی70فیصد آبادی ذہنی تناﺅ کا شکار ہے، محبوبہ مفتی
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بھارتی حکومت نے پورے مقبوضہ علاقے کو عملی طور پر جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور بھارتی فورسز کی چیرہ دستیوں اور جابرانہ کارروائیوں کی وجہ سے 70 فیصد آبادی ذہنی تناﺅکا شکار ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سری نگر میں ایک انٹرویو میں کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر لانے کے بلند بانگ دعوے کر رہی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اگر حالات معمول پر ہیں تو بھارت کی جیلیں کشمیری نوجوانوں سے کیوں بھری ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی این آئی اے، انفوسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسی بدنام زمانہ ایجسیوں کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے ، کالے قوانین کی وجہ سے لوگ خوف و دہشت کا شکار ہیں اور کوئی بات کرنے کی ہمت نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ آئمہ کرام، مبلغین اور علماءکو تھانوں میں طلب کیا جا رہا ہے اور انہیں مسئلہ فلسطین پر بات نہ کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔