اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بھارت پر دباو¿ ڈالے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غیر قانونی طور پر جیل میں نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں مولوی بشیر احمد عرفانی عبدالاحد پرہ اور بلال صدیقی نے سری نگر اور جموں خطے کی جیلوں سے اپنے پیغامات میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک طویل عرصے سے موجود تصفیہ طلب تنازعہ کشمیر کا واحد حل مذاکرات میں ہی مضمر ہے ۔ انہوںنے کہا کہ دونوں ملک چونکہ ایٹمی طاقتیں ہیں لہذا یہ بات ضروری ہے کہ ان کے درمیان موجود کشمیر سمیت تمام دیگر تنازعہ ایک نتیجہ خیز اور بامعنی بات چیت سے حل ہوں تاکہ کسی جوہری تصادم سے بچا جاسکے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو پوری انسانیت کے مفاد کے پیش نظر اپنی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار اداکرے۔
انہوںنے امید ظاہر کی کہ دنیا کی تمام بڑی طاقتیں بھی تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی۔