مقبوضہ جموں وکشمیر میں بی جے پی کے دوغلے پن کو بے نقاب کرنے کا وقت آ گیا ہے: کانگریس
جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے پارٹی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ عوام دشمن پالیسیوں کو نافذ کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے دوغلے پن کو بے نقاب کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وقار رسول وانی نے جموں میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے جھوٹ کے غبارے سے ہوانکالنے کا وقت آ گیا ہے کیونکہ اس کی تمام پالیسیاں کشمیری عوام کی امنگوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں اوریہ پارٹی زمینی سطح پر تبدیلی لانے کے بجائے بیان بازی پر زیادہ یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ زعفران بریگیڈ کے دھوکے اور جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرنے کے لیے ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے کیونکہ آج لوگوں کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے جن میں مہنگائی، سمارٹ میٹر جیسے بجلی شعبے کی پریشانیاں اوربے روزگاری وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ہر کارکن کو نچلی سطح پر لوگوں تک پہنچنا چاہئے تاکہ انہیں بتایاجا سکے کہ صرف کانگریس ہی عوام کو موجودہ بدحالی اور بی جے پی کی خراب حکمرانی سے نجات دلا سکتی ہے۔