حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کیطرف سے پاک فوج کے سربراہ کے بیان کا خیر مقدم
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کشمیر یوںکی تحریک آزادی کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کی فوجی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے ا اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ 2024کی خصوصی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ” بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت ہندوتوا نظریے اور پالیسی کا تسلسل ہے ، انتہا پسندانہ بھارتی نظریے کی وجہ سے امریکا ،برطانیہ اور کینیڈا میں بھی اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔“
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، شمیم شال، محمد سلطان بٹ، شیخ محمد یعقوب، زاہد صفی اور دیگر نے اسلام آباد میں اپنے بیانات میں کہا کہ پاک فوج کے سربراہ نے اپنی تقریر میں ہندو توا نظریے کا بھر پور انداز سے پردہ چاک کیا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی بھر پور حمایت و تائید گزشتہ 77برس سے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے محکوم لوگ پاک فوج کو اپنا محافظ سمجھتے ہیں جو حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں انکے ساتھ پوری طرح سے کھڑی ہے۔
انہوں نے پاک فوج کے سربراہ کے بیان کو کشمیری عوام کے ساتھ اسلام آباد کی بھر پور وابستگی اور بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت کے فسطائی نظریے کے خلاف ایک بھر پور ردعمل کا عکاس قرار دیا۔انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر طریقے سے اجاگرکر کے ثابت کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے منصفانہ جدوجہد کا حقیقی سفیر ہے۔