مقررین کا تنازعہ کشمیر کے تصفیے کے لیے روڈ میپ وضع کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد: اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے مقررین نے تنازعہ کشمیر کے تصفیے کے لیے ایک روڈ میپ وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو پاکستان، بھارت اور سب سے بڑھ کرتنازعے کے بنیادی فریق جموں و کشمیر کے عوام کے لیے قابل قبول ہو۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تقریب کا اہتمام گلوبل پیس موومنٹ جموں و کشمیر نے کیا تھاجس کی صدارت محمد حسین خطیب نے کی۔کشمیری دانشور نجم الثاقب اور انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کے صدر ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم نے تقریب میںبطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے دفتر میں منعقد ہوئی۔مقررین نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے اور جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی میں امن کے قیام کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ آخر میں پیر پنجال پیس فائونڈیشن کے بانی چیئرمین ماسٹر محمد حسین کالس، حریت رہنما نذیر احمد کرنائی کے والد اور سید فرازین قادری اور دیگر شہدا ء اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔