بی جے پی انتخابات جیتنے کے لیے دفعہ 370کا استعمال کر رہی ہے: فاروق عبداللہ
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کانگریس کو کمزور کرنے اور مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ میں آئندہ انتخابات جیتنے کے لیے دفعہ 370کا استعمال کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے جموں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کے حالیہ بیان کو مسترد کر دیا جس میں دفعہ370کی بحالی کے لئے حالیہ قرارداد کو مسترد کیا گیاتھا ۔ انہوں نے اسے بی جے پی کا انتخابی ہتھکنڈہ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا مقصد انتخابات جیتنے کے لیے کانگریس کو نشانہ بنانا ہے۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے معاملے پر فاروق عبداللہ نے کہاکہ اسے بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ان کا منشور واضح ہے اور وہ اس پر عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد پر مودی حکومت کے ردعمل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔