پاکستان نے شطرنج کے بین الاقوامی مقابلوں کا بائیکاٹ کر دیا
اسلام آباد، 29 جولائی (کے ایم ایس) پاکستان نے عالمی سطرنج ٹورنامنٹ کی مشعل کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی سرزمین سے گرانے کے بھارتی اقدام پر بطور احتجاج ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، پاکستان کو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن نے 28 جولائی سے 10 اگست تک بھارتی شہر چنائی میں منعقد ہونے والے 44ویں شطرنج اولمپیاڈ میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا۔
دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ بھارت نے ٹورنامنٹ کی مشعل کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطے مقبوضہ جموں و کشمیر سے گزار کر اس ایونٹ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی ہے جو افسوسناک ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کھیلوں کو سیاسی رنگ دینے اور انہیں مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی بھارتی کوشش کی مذمت کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے بھارتی اقدام کے خلاف بطور احتجاج44ویں شطرنج عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے اور اس معاملے کو بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔