حریت رہنماﺅں کی جعلی مقابلوں میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کی مذمت
سرینگر 27 دسمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماو¿ں اور تنظیموں نے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے پر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے ایک بیان میں کہا کہ قتل وغارت،ہراساں کرنے اورگرفتاریوں سے کشمیریوں کوبنیادی حق خودارادیت کے لئے جدوجہد سے نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں کم عمر اور معصوم نوجوانوں کی حالیہ شہادتوں اور قتل عام پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہداءکی لازوال قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہم اس اثاثے کو کسی قیمت پررائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
جموں و کشمیر فریڈم فرنٹ (کے ایف ایف) کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ جس طرح سے کشمیر میں دہشت گردی کا راج ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت نے کشمیر کے نہتے عوام کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ انہوں نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی ضمیر مجرمانہ خاموشی ترک کرکے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے بھارت پر دباو¿ ڈالے۔
جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ (جے کے پی آر ایم) نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی تسلط سے جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ جے کے پی آر ایم کے وائس چیئرمین اعجازالحق، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصعب احمد اور مرکزی ترجمان خان عمر نے کہا کہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور کشمیری اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے۔
ادھرپاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مظفرآباد سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں جعلی مقابلوں کی آڑ میں نہتے شہریوں کے منظم قتل عام میں ملوث ہے ۔