مقبوضہ جموں و کشمیر

مسرت عالم نے جمعہ کو یوم استحصال منانے کی اپیل کی

پاکستان، بھارت پر مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور
سرینگر 03 اگست (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرنے کیلئے جمعہ کو یومِ استحصال کے طور پر منائیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے بھارتی جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام نے گزشتہ 3برس کے دوران فرقہ پرست مودی حکومت کے تمام غیر آئینی اور سامراجی اقدامات کو یکسر مسترد کیا ہے جن کی وجہ سے مقبوضہ علاقہ ایک عقوبت خانے میں تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منانے کا مقصد مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جاری سنگین جرائم سے عالمی برادری کو آگاہ کرنا ہے۔
غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، یاسمین راجہ، زمرودہ حبیب، جاوید احمد میر، عبدالصمد انقلابی، محمد یوسف نقاش، امتیاز ریشی اور غلام نبی وار سمیت دیگر حریت رہنماو¿ں نے اپنے بیانات میں کہا کہ خونخوار بھارتی فوجی کشمیریوں کو نیچادکھانے کے لیے قتل و غارت، آتش زنی، تذلیل، تشدد اور لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
دریں اثنا،کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما، پروفیسر عبدالغنی بٹ نے بڈگام کے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے بات چیت کریں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کشمیری عوام خطے میں امن اور خوشحالی کے مفاد میں دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اس مقصد کے لیے تمام تنازعات، خاص طور پر تنازعہ کشمیر ایک پائیدار اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
نئی دہلی کے زیر کنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے) نے بھارتی پیرا ملٹری اہلکاروں کے ساتھ مل کر بارہمولہ، کپواڑہ اور پونچھ اضلاع میں کئی مقامات پر تحریک آزادی سے وابستہ لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔
بھارتی پولیس نے جموں کے علاقے میں چار مسلمان تاجروں کو رام بن اور ریاسی اضلاع سے مویشیوں کو وادی کشمیر لے جانے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منانے کے پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا تاکہ عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کے آباد کاری کے نوآبادیاتی منصوبے کی طرف مبذول کرائی جائے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button