بھارتی میڈیا کا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا بے نقاب
اسلام آباد : بھارتی ریاست بہار کے انتخابات قریب آتے ہی” را” کی ایما پر بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا شروع کردیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی میڈیا نے 28اگست 2025کو 3پاکستانی شہریوں کے حوالے سے من گھڑت خبریں چلائیں جس میں دعویٰ کیا گیا کہ تین پاکستانی شہری کھٹمنڈو کے راستے بھارتی ریاست بہار میں داخل ہوئے ہیں۔ بھارتی میڈیا نے تینوں پاکستانیوں کو دہشت گرد کے طور پر پیش کرتے ہوئے ریڈ الرٹ بھی جاری کردیا۔ بھارتی میڈیا کی اس جھوٹی خبر کے فورا ًبعد تینوں پاکستانی شہریوں کے بیانات سامنے آگئے۔شواہد سے ثابت ہوگیا کہ تینوں پاکستانی شہری براستہ نیپال اور ملائیشیا روزگار کیلئے کمبوڈیا جارہے تھے۔حسنین علی 28اگست کو باتک ایئر ویوز کی پرواز سے کوالالمپور روانہ ہوا۔حسنین علی نے کہا کہ وہ نیپال گھومنے کیلئے رکا تھا اور اب کمبوڈیا جائے گا اور پھر واپس پاکستان چلا جائے گا۔بہاولپور کے رہائشی محمد عثمان ولد بشارت 8اگست کو براستہ دبئی کھٹمنڈو روانہ ہوا۔محمد عثمان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف بھارتی میڈیا پر جھوٹی خبریں چلائی گئیں کہ ہم دہشتگرد ہیں۔علاوہ ازیں عادل حسین میرپور خاص کا رہائشی ہے جو 8اگست کو پرواز ایف زیڈ 344کے ذریعے کھٹمنڈو روانہ ہوا۔عادل حسین نے کہا کہ وہ نیپال سے 27اگست کو کمبوڈیا پہنچا، نیپال میں تفریح اور گھومنے کیلئے رکا تھا۔








