آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیرمیں پہلی راجیہ سبھا انتخابات
نیشنل کانفرنس نے چار میں سے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی

سری نگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد ہونے والے پہلے راجیہ سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے تین نشستیں جیت لیں، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، یہ انتخابات اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد پہلی بار راجیہ سبھا کی چار نشستوں پر منعقد ہوئے۔ ووٹنگ سری نگر میں مقبوضہ جموںو کشمیر کے قانون ساز اسمبلی کمپلیکس میں تین پولنگ بوتھوں پر ہوئی، جہاں ارکان اسمبلی نے اپنے ووٹ ڈالے۔ کامیاب ہونے والے نیشنل کانفرنس کے امیدواروں میں چوہدرری محمد رمضان، سجاد کچلو اور گرووندر سنگھ اوبرائے شامل ہیں، جبکہ بی جے پی کے ست شرما نے چوتھی نشست حاصل کی۔ این سی کو کانگریس، پی ڈی پی، سی پی آئی (ایم)اور آزاد ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل رہی، جس کے باعث اسے تین نشستوں پر واضح برتری ملی۔
بی جے پی کے ست شرما نے 32 ووٹ حاصل کیے، جو اسمبلی میں بی جے پی کی مجموعی طاقت سے چار ووٹ زیادہ ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غیر بی جے پی ارکان کی کراس ووٹنگ نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس حمایت کے بغیر بی جے پی کے لیے جیت ممکن نہ تھی۔ان نتائج کے ساتھ، نیشنل کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی راجیہ سبھا میں اپنی نمائندگی کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔
KMS-10/A








