کشمیر سنٹر لاہور کے زیر اہتمام میرواعظ مولوی محمد فاروق اور عبدالغنی لون شہید کی برسی پر دعائیہ تقریب
لاہور; کشمیر سنٹر لاہورکے زیر اہتمام میرواعظ مولوی محمد فاروق شہید اور ممتاز کشمیری رہنما خواجہ عبدالغنی لون شہادت کی برسی کے موقع پر مسجد دارالسلام جناح باغ میں ایک دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دعائیہ تقریب میں علما کرام، سماجی شخصیات، نوجوانوں اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ فدا الرحمان حیدری نے میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون سمیت جملہ شہدائے کشمیر کی بلندی درجات ، مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی، پاکستان کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کروائی۔شرکا نے میرواعظ مولوی محمد فاروق شہید اور خواجہ عبدالغنی لون شہید کی سیاسی، سماجی اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماں نے کشمیری عوام کے حقوق، اتحاد اور پرامن جدوجہد کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ میر واعظ مولوی محمد فاروق ممتاز مذہبی رہنما، بہترین مقرر، مدبر اور ملت کشمیر کی ایک بااثر آواز تھے۔ انہوں نے نہ صرف دینی و سماجی میدان میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ ہمیشہ عوام کے مسائل، نوجوانوں کی رہنمائی اور ملت کے اتحاد کے لیے سرگرم رہے۔ وہ اعتدال، رواداری اور پرامن جدوجہد کے داعی تھے اور کشمیری عوام کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حقوق کے لیے مسلسل آواز بلند کرتے رہے۔ 21مئی 1990 کو انہیں سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر نامعلوم مسلح افراد نے شہید کر دیاتھا۔خواجہ عبدالغنی لون شہید کشمیر کے ایک زیرک، معتدل مزاج اور عوام دوست سیاسی رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کی خواہشات اور سیاسی حقوق کی نمائندگی کی۔وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کے لیے مذاکرات، سیاسی بصیرت اور عوامی رائے کی اہمیت پر زور دیتے تھے۔ ان کی سیاسی زندگی اصول پسندی، جمہوری اقدار اور عوامی خدمت سے عبارت تھی۔ 21مئی 2002 کو وہ میرواعظ مولوی محمد فاروق شہید کی برسی کی تقریب میں شریک تھے کہ وردی میں ملبوس حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے انھیں شہید کردیا۔ تقریب کے اختتام پر شہدا کے بلند درجات، کشمیر میں امن و استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی جبکہ شرکا نے شہدا کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔








