آزاد کشمیر

مظفرآباد:میرواعظ مولوی محمد فاروق اورخواجہ عبدالغنی لون کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ریلی نکالی گئی

مظفرآباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ اور ینگ پیٹریاٹس نیٹ ورک کے زیر اہتمام معروف آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو ان کی شہادت کی برسیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مظفرآباد میں ریلی نکالی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی شہید افضل گورو چوک دومیل سے شروع ہو کر اقوامِ متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے دفتر پر پہنچ کر ختم ہوئی ۔ریلی میں سول سوسائٹی، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ شرکا نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو تحریک آزادی کشمیر کا اہم باب قرار دیا۔ریلی کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ نے کی، جبکہ حریت رہنمائوں، ینگ پیٹریاٹس نیٹ ورک کے عہدیداروں، وکلا، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ریلی کے اختتام پرایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ اور دیگر حریت رہنمائوں مظفرآباد میں اقوامِ متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو ایک یادداشت پیش کی، جس میں عالمی ادارے کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو درپیش مسائل کی جانب مبذول کرائی گئی۔وفد نے اقوامِ متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کہ وہ بھارتی جارحیت، ریاستی دہشت گردی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں۔ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ نے کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون نے اپنی زندگیاں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کے لیے وقف کر رکھی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان عظیم قائدین کی قربانیاں کشمیری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور کشمیری عوام ان کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم و تشدد، فوجی محاصرے اورفوجی طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کے جذب حریت کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ کشمیری عوام نے بے مثال قربانیاں دے کر دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے بنیادی حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر، امت مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما شیخ عبدالماجد، زاہد اشرف، مشتاق السلام، عبدالمجید میر اور ینگ پیٹریاٹس نیٹ ورک کے چیئرمین حمزہ کاٹل، جنرل سیکریٹری کامران مغل، عبدالصمد ایڈوکیٹ، عمیر سفید عباسی ایڈوکیٹ اور ماپہنور ایڈوکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button