ریاسی: بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال ،کئی گھروں کو نقصان پہنچا
سرینگر لال بازار میں خاتون گھر پر پر اسرار حالات میں مردہ پائی گئی

جموں: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی میں بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی اور کئی گھروں کو نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع ریاسی کے پہاڑی بٹھوئی علاقے میں جمعرات کی شام بادل پھٹنے سے سیلاب آیا اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔جموں خطے میں پچھلے تین دنوں میں بادل پھٹنے کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔ منگل کو تین اضلاع ڈوڈہ، کشتواڑ اور پونچھ میں بادل پھٹنے کی واقعات پیش آئے تھے ، جس سے کئی علاقوں میں سیلاب اور سڑکیں بند ہوگئی تھیں۔
گزشتہ شام بٹھوئی علاقے میں بادل پھٹنے سے اچانک پانی اور ملبہ رہائشی علاقوں میں چلا گیا۔ حکام نے کہا کہ سیلاب سے کئی مکانات ڈوب گئے، گھریلو سامان کو نقصان پہنچا اور رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں نے امداد اور بحالی کی کارروائیاں کیں۔
دریں اثنا سری نگر کے علاقے لال بازار میں ایک 36 سالہ خاتون اپنی رہائش گاہ پر پراسرار حالات میں مردہ پائی گئی۔خاتون اپنے گھر کے ایک کمرے میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔ اہل خانہ نے اسے فوری طور پرشہر کے صورہ ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔





