ہماری زمینیں واپس کرو ورنہ کسانوں جیسے احتجاج کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہو:گجر،بکروال
جموں 24 جنوری (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے مقامی کٹھ پتلیوں کی طرف سے جموں کے علاقے روپ نگر میں اپنے گھروں کی مسماری کی وجہ سے گوجر،بکروال برادری میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے گوجر بکروال طبقے کے یہ لوگ اپنے حقوق کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اس علاقے میں 1947 سے پہلے رہ رہے ہیں اور ہمیں تمام حکومتوں نے پرامن طور پر رہنے کی اجازت دی تھی۔ لیکن موجودہ نظام نے ہمیں بے گھر کر دیا ہے۔ گزشتہ 13 دنوں سے ہم دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ انتظامیہ کی طرف سے کوئی بھی یہ جاننے کے لیے آگے نہیں آیا کہ ہمیں کونسے مسائل کاسامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قابض حکام نے ہماری طرف سے منہ موڑ لیا ہے اور لگتا ہے کہ ہماری حالت زار سے انہیں کوئی سروکار نہیں ہے ۔احتجاج کرنے والے گجر،بکروال برادری کے ارکان نے بھارتی حکومت سے ان کی زمینیں واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر حکومت ان کے مطالبات پورے کرنے میں ناکام رہی تو وہ کسانوں کی طرح اپنے احتجاج کو پھیلا دیں گے۔