پاکستان

پاکستان نے گلگت بلتستان میں انتخابات سے متعلق بھارت کے لغو بیانات مسترد کردیے

بھارت بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے

اسلام آباد : پاکستان نے گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات سے متعلق بھارت کے بے بنیاد اور لغو بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ بھارت کی جانب سے کیے گئے دعوے حقائق کے منافی اور گمراہ کن پراپیگنڈے کا حصہ ہیں۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ بھارتی بیانات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور انہیں کسی اہمیت کا حامل نہیں سمجھتا۔پاکستان نے اپنے مو¿قف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانا حل طلب تنازعہ ہے جو 1947 میں ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کے جبری اور غیر قانونی قبضے سے شروع ہوا۔پاکستان نے کہا ہے کہ اس تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل کا واحد راستہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد ہے جن کے مطابق کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔بھارتی افواج کو وہاں کالے قوانین کے تحت حاصل استثنیٰ ریاستی جبر کی ایک شکل ہے۔پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر قانونی طور پر زیرِ قبضہ تمام علاقے خالی کرے، 5 اگست 2019 کے بعد کیے گئے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لے اور آزاد مبصرین، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کو زمینی صورتحال تک رسائی دے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کو کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے استعمال کا موقع فراہم کرنا چاہیے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button