اسلام آباد : حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام دعائیہ مجلس کا انعقاد
اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک دعائیہ مجلس منعقد کی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں کشمیری حریت رہنما ئوں سید اعجاز رحمانی اور تاج علی شاہ کی مرحوم والدہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیہ مجلس کا انعقادکیاگیا۔ مجلس میں حریت کانفرنس کے قائدین نے شرکت کی اور مرحومین کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلی مقام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔حریت قائدین نے کہا کہ وہ نہایت نیک سیرت، خدا ترس، بااخلاق، نرم دل اور باوقار خواتین تھیں ۔ ان خاندانوں کا تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ گہرا اور دیرینہ تعلق رہا ہے اور انہوں نے ہمیشہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں ثابت قدمی اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔اس موقع پر کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنمائوں نے سید اعجاز رحمانی اور تاج علی شاہ سے ان کی والدہ کے انتقال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حریت قیادت اور تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ تمام کارکنان اس غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے مرحومین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگیاں دینی، اخلاقی اور قومی اقدار کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھیں۔دعائیہ مجلس میں مرحومین کی کامل مغفرت، جنت الفردوس میں اعلی مقام، بلند درجات اور اللہ تعالی کی خصوصی رحمتوں کے لیے دعا کی گئی۔







