نیشنل پریس کلب کے صحافیوں کا حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کادور ہ
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی نو منتخب قیادت کو مبارک باد

اسلام آباد:نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سیکرٹری فنانس عابد عباسی کی قیادت میں صحافیوں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیا اور تنظیم کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد نے حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی،جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی کو ان کے انتخاب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں تنظیم مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرے گی اور کشمیری عوام کی امنگوں کی بھرپور نمائندگی جاری رکھے گی۔
ملاقات کے دوران عابد عباسی نے کہا کہ خطے میں امن، استحکام اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام فریقین کو تحمل، بردباری اور تعمیری مکالمے کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر کے اسمبلی میں جموں و کشمیر کے مہاجرین کی حق نمائندگی کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے، کیونکہ مہاجرین جموں و کشمیر مسئلہ کشمیر کے حقیقی فریق اور نمائندہ ہیں۔ مہاجرین کی موثر نمائندگی مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی آواز کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ غلام محمد صفی نے کہاکہ تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، تحمل اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مسائل کا پائیدار حل صرف بات چیت، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پرامن مذاکرات ہی آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے نکلنے کا بہترین اور موثر راستہ ہیں۔وفد میں سینئر صحافی سردار عمران اعظم ,راشد یعقوب خان اور,عبدالطیف ڈار شامل تھے۔








