فلائیٹ اٹینڈنٹ کو ہراساں کرنے پربھارتی شہری کو 6ماہ قید کی سزا

سنگاپور: ایک بھارتی شہری کو سنگاپور ایئر لائنز کی پرواز میں عملے کی ایک خاتون رکن کو ہراساں کرنے کے جرم میں چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، 35 سالہ آکاش تیواری نے 9 فروری کو بنکاک سے تھائی لینڈ آنے والی پرواز میں فلائٹ اٹینڈنٹ کو ہراساں کرنے پر عدالت نے چھ ماہ قید کی سزا سنائی۔عدالت کو بتایا گیا کہ تیواری اور اس کے چار دوست جب بھی عملے کی کوئی خاتون رکن ان کے پاس سے گزرتی، تو وہ دیوانہ وار ہنسنے لگتے تھے۔
ایک فلائٹ اٹینڈنٹ جب ان سے کھانے کے بارے میں پوچھنے آئی تو تیواری نے اپنا بازو پھیلا کر اس کی ٹانگ کو چھوا اور ہنسنے لگا۔ اس کے دوست بھی ہنسنے لگے۔عملے کی رکن نے چیف اسٹیورڈیس کو واقعے کے بارے میں بتایا۔مسافروں سے کھانے کی ٹرے جمع کر تے وقت تیواری نے دوبارہ اپنی بائیں کہنی سے خاتون اٹینڈنٹ کی پیٹھ کو چھوا۔خاتون نے تیواری سے اس بے ہودگی کے بارے میں دریافت کیا۔ تاہم اس نے اصرار کیا کہ اس نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔اطلاعات کے مطابق، تیواری کے ایک دوست نے زور سے ہنستے ہوئے ایک بیئر لانے کا کہا۔ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر لنڈا نے عدالت کوبتایا کہ خاتون "بہت پریشان تھی اور اس نے ملزم کو کہا کہ اسے ہاتھ نہ لگائے۔”پراسیکیوٹر نے کہا، "معافی مانگنے کے بجائے، وہ طنزیہ مسکرایا۔ جب طیارہ لینڈنگ کی تیاری کر رہا تھا اور عملے کی رکن گیلری میں واپس آئی توتیواری عملے کی رکن کے پیچھے گیلری میں گیا اور اس کے بہت قریب کھڑا ہو گیا، جس پر اس نے اسے دور رہنے کو کہا۔ جب وہ وہاں سے نکلی تو اسے محسوس ہوا کہ وہ اس کا پیچھا کر رہا ہے اور اس نے دوبارہ خبردار کیا۔پراسیکیوٹر نے بتایاکہ، "دور ہٹنے کے بجائے، ملزم نے قریب آ کراسے ایک کونے میں دھکیل دیا۔””اس وقت تک خاتون اٹینڈنٹ بہت زیادہ پریشان ہو چکی تھی۔ اس نے چیخ کر اسے دور رہنے اور اس کا پیچھا کرنا بند کرنے کو کہا۔”خاتون نے، جو کانپ رہی تھی اور آنسوؤں سے رو رہی تھی، دوبارہ اپنی اعلیٰ افسر سے مدد مانگی۔عدالت نے خاتون اٹینڈنٹ کی درخواست پر تیواری کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی۔







