دہلی میں سی جے پی کا احتجاج 12ویں روز بھی جاری،سونم وانگچک کی طبیعت خراب

نئی دہلی: نئی دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کا احتجاج بدھ کو 12 ویں روز بھی جاری رہا جہاں بھوک ہڑتال کی وجہ سے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کے خون میں شوگر کی سطح کم ہو گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق منتظمین نے بتایا کہ وانگچک کا بلڈ پریشر 117/60، آکسیجن سیچوریشن 96، نبض 92 جبکہ بلڈ شوگر نارمل رینج سے کم ہوکر 66 تک پہنچ گئی۔سی جے پی کے ترجمان آشوتوش رانکا نے خبردار کیا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو بھارتی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان ذمہ دار ہوں گے۔سی جے پی کے بانی ابھیجیت دپکے نے امتحانات میں بے ضابطگیوں اور حکومت کے ردعمل پر اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بی جے پی صدر نتن نبین کے”وائرس“ تبصرے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دپکے نے کہاکہ ہم وائرس نہیں ہیں، ہم وائرس دھرمیندر پردھان کے خلاف ویکسین ہیں۔انہوں نے جے پور کالج سمیت راجستھان پیرا میڈیکل کونسل کے امتحان میں حال ہی میں پیپر لیک ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ تحریک انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی جیسے مسائل کو بھی اٹھائے گی۔دپکے نے کہاکہ پولیس پیپر لیک میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے مظاہرین کو روک رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہیں رہیں گے،مظاہرین اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، آپ ہم سے اور کیا توقع رکھتے ہیں؟





