مودی حکومت صرف اور صرف امریکہ ، اسرائیل کے آگے جھکنے کا کام کر رہی ہے، پرینکا گاندھی

ٹریوینڈم:کانگریس کی رہنما اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے ایل پی جی اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی عوام کو کسی قسم کی ریلیف بہم پہنچانے اور انکے شانہ بہ شانہ کھڑے رہنے میں ناکام رہے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پرینکا گاندھی نے ریاست کیرالہ کے شہر کولم میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی اور ایندھن کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جس سے تجارت اور روزمرہ کی زندگی مشکل ہوتی جا رہی ہے، اس سب کے درمیان نریندر مودی کی زیر قیادت ہماری مرکزی حکومت کی پالیسی کیا ہے؟ کیا وہ اپنے لوگوں کے لیے لڑ رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت ملک کے لیے کھڑا نہیں ہو رہی اوروہ جو کچھ کر رہی ہے وہ صرف اور صرف امریکہ اور اسرائیل کے سامنے جھکنا ہے۔۔
پرینکا گاندھی نے حکومت کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا،مودی سمجھوتہ کر رہے ہیں، وہ ٹرمپ کے سامنے جھکتے ہیں اور اس سب کی قیمت بھارتی عوام برداشت کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی اس وقت مہنگائی کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں، وہ آپ اپنے بچوں کو تعلیم دلانے کے لیے کوششاں ہیں، انہیں نوکریاں نہیں مل رہیں کیونکہ پچھلے 10 سالوں میں روزگار کے کوئی مواقع پیدا نہیں کیے گئے۔




