پاکستان

ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نا سمجھا جائے، وزیر اعظم

پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے،محمد شہباز شریف

اسلام آباد:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نا سمجھا جائے، ہم خطے میں استحکام کی ضمانت بن چکے ہیں، پوری دنیا تک معرکہ حق کا پیغام پہنچ چکا ہے، کسی نے بھول کر بھی پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کو چیلنج کیا تو اس سے زیادہ طاقت سے منہ توڑ جواب دیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار قومی اتحاد وحدت ،یکجہتی اور دفاع وطن کے عزم مصمم کی علامت یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ یادگار فتح ہمارے عزم و ہمت، مسلح افواج کی مہارت اور برتری کی علامت ہے۔ وزیراعظم نے معرکہ حق میں عظیم کامیابی پر صمیم قلب سے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسکا غرور خاک میں ملا دیا ۔ یہ معرکہ تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان کی قیادت میں افواج کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 ماہ کے قلیل عرصے میں یادگار فتح کی شاندار تعمیر فیلڈ مارشل کی ذاتی دلچسپی کا نتیجہ ہے، یہ یادگار فتح قومی اتحاد کی علامت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم امن کے لئے عزت اور وقار کے ساتھ کھڑے ہیں۔ہم خطے میں امن و استحکام کی ضمانت بن چکے ہیں ۔ معرکہ حق میں کامیابی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ دشمن معرکہ حق میں عبرتناک شکست ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے معرکہ حق کے شہدا کو خراج عقیدت اور اور غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔ 2025کے معرکے کا پیغام پوری دنیا میں پہنچ چکا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ اس معرکے نے پاکستان کے وقار میں ایسا اضافہ کیا ہے جسکی عصر حاضر کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ یہ حقیقت اگر اب بھی کسی کی سمجھ میں نہیں آئی تو ہمارا پیغام واضح ہے کہ وہ اپنی عبرتناک شکست یاد رکھے ۔کسی نے آئندہ بھول کر بھی ملکی خودمختاری اور سلامتی کو چیلنج کیا تو اسے پہلے سے زیادہ قوت سے جواب دیا جاے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر معطل کرکے خود کو امن کا دشمن ثابت کیا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے۔ پانی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بھارت اگر راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر پر ہمارا دو ٹوک موقف ہے ۔ ہم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حقوق کے لئے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ ہم انکے حق خود ارادیت اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی اور پائیدار امن کیلئے اپنی حمایت جاری رکھیں گے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یادگار فتح کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کی قیادت، سروسز چیفس، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی، وفاقی وزرا ،غیر ملکی سفارت کاروں، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز،وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، ارکان پارلیمنٹ اور بڑی تعداد میں سول وعسکری حکام موجود تھے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button