پاکستان کی طرف سے کثیر الجہتی سفارتکاری کو فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ
کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کے حل پر زور
اسلام آباد:
وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے کثیرالجہتی اورپر امن سفارتکاری کے عالمی دن کے موقع پر کثیرالجہتی سفارت کاری کو فروغ دینے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم ستون ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ کثیرالجہتی سفارت کاری، مکالمہ اور بین الاقوامی تعاون موجودہ اور ابھرتے ہوئے بین الاقوامی چیلنجوں سے موثر طورپر نمٹنے کے لیے درکار ضروری نقاط ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی تعلقات کے شعبے میں کثیرالجہتی سوچ کے تحت اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر زوردیا ہے اور اس سے تعاون میں تعمیری کردار ادا کیاہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہو کر عالمی امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ خوشحالی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ کثیرالجہتی اورپر امن سفارت کاری کا عالمی دن ہمیں طویل عرصے سے جاری دیرینہ تنازعات بشمول مقبوضہ جموںو کشمیر اور فلسطین کے عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے ان کا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت دلانے اور بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازعات کے حل کیلئے کثیرالجہتی کوششوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت کی یاد دلاتا ہے۔