مقبوضہ جموں وکشمیر کو برسوں سے اپنے اختیارات سے محروم کیا جا رہا ہے، آغا روح اللہ
نیشنل کانفرنس نے اب اپنا موقف بدل لیا ہے، رکن بھارتی پارلیمنٹ
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رکن بھارتی پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدینے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کو برسوں سے اپنے اختیارات سے محروم کیا جا رہا ہے، جبکہ علاقے کی سیاسی قیادت حقوق دوبارہ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آغا روح اللہ مہدی نے بارہمولہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنقید کسی فرد یا سیاسی جماعت پر نہیںبلکہ یہ جموں و کشمیر کی وسیع تر سیاسی صورتحال کی عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حیثیت سے لیکر خصوصی حیثیت تک جموں و کشمیر نے ہمیشہ کھویا ہے۔
آغا روح اللہ نے اپنی جماعت نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس نے اقتدار میں آنے کے بعد ا ن حقوق پر اپنا موقف بدل لیا ہے جو 2019کے بعد ہم سے چھین لیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے 2024 کے اسمبلی انتخابات کے دوران ان حقوق کی بحالی سے متعلق کئے گئے وعدوں کی بنیاد پر نیشنل کانفرنس پر اعتماد کیا تھا۔میں صرف ان وعدوں کی تکمیل کی بات کرتا ہوں جو ہم نے انتخابی مہم کے دوران لوگوں سے کیے تھے۔ روح اللہ نے کہا کہ منتخب نمائندے اور پارٹی ارکان اگر سمجھتے ہیں کہ پارٹی قیادت اپنے وعدوں سے منحرف ہو گئی ہے تو انہیں بھی تشویش کا اظہار کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کے خلاف بات کیوں نہیں کرسکتا؟ ہم پارٹی کے غلام نہیں ہیں، اگر پارٹی ٹریک پر نہیں ہے تو ہم حقیقی سوالات اٹھا سکتے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ صرف ریاستی حیثیت کی بحالی واحد مسئلہ نہیں ہے جسے نیشنل کانفرنس نے اب اپنا سیاسی ایجنڈہ بنا لیا ہے۔







