بھارت: کانپور میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ اور انسٹرکٹر ہلاک
نئی دلی: بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں ایک تربیتی طیارہ دریائے گنگا کے کنارے گر کر تباہ ہونے سے زیر تربیت پائلٹ اور انسٹرکٹردونوں ہلاک ہو گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اطالوی ساختہ ٹیکنام طیارے نے گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر سے صبح ساڑھے 11بجے اڑان بھری تھی اور تقریبا 20 منٹ بعد ناتھا پوروا گائوں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے میں طیارے میں سوار زیر تربیت پائلٹ اور انسٹرکٹر دونوں ہلاک ہو گئے ہیں ۔ کانپور پولیس کمشنر رگھو ویر لال نے ہلاک ہونے والے پائلٹوں کی شناخت گجرات سے تعلق رکھنے والے انسٹرکٹر پائلٹ سچن بھاٹیا اور کرناٹک کے رہائشی زیرِ تربیت پائلٹ ابھیشیک پجاری کے نام سے کی ہے۔حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ طیارے سے متعلق تکنیکی تحقیقات ڈی جی سی اے کرے گا۔
واضح رہے کہ بھارت میں فضائی حادثات ایک معمول کی بات ہے ۔ جون 2019میں ایک NA-32طیارہ ریاست اروناچل پردیش میں چین کی سرحد کے قریب لاپتا ہونے کے بعد تباہ شدہ حالت میں ملا تھا۔ حادثے میں 13 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔2016بھارتی فضائیہ کاNA-32طیارہ خلیج بنگال کے اوپر پرواز کے دوران لاپتا ہوگیا تھا۔ طیارے میں سوار تمام 29 افراد ہلاک تصور کیے گئے تھے اور یہ بھارتی فضائی تاریخ کے بڑے حادثات میں شمار ہوتا ہے۔2021میں تامل ناڈو میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔








