ناقص موبائل سروس سے کپواڑہ کے رہائشی پریشان

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ میں راجواڑ کے علاقے نگرانار کے رہائشیوں نے ناقص موبائل سروس کی شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسئلہ گزشتہ کئی سال سے جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایاکہ علاقے میں کمزور نیٹ ورک کے باعث انہیں فون کالز کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایک مقامی رہائشی نے صحافیوںکو بتایا کہ ہم اپنے گاوں سے بمشکل فون کال کر پاتے ہیں۔ زیادہ تر وقت نیٹ ورک انتہائی کمزور رہتا ہے۔رہائشیوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔ ایک اور دیہاتی نے بتایاکہ ہمیں صرف سگنل حاصل کرنے اور فون کال کرنے کے لیے گاوں سے باہر پیدل جانا پڑتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں موبائل ٹاور نصب کیا جائے تاکہ وائس اور انٹرنیٹ سروسز کو بہتر بنایا جا سکے۔طلباءنے کہا کہ انٹرنیٹ کی ناقص سہولت نے ان کی تعلیم کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ ایک طالب علم نے بتایاکہ ہم آن لائن کلاسز میں شرکت نہیں کر پاتے کیونکہ انٹرنیٹ بمشکل ہی کام کرتا ہے۔مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کپواڑہ اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور مسئلے کو جلد از جلد حل کریں۔






