بی جے پی اپنی شکست کے خوف سے مقبوضہ کشمیر میں انتخابات نہیں کرا رہی، کانگریس
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کانگریس نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت اپنی شکست کے خوف سے مقبوضہ علاقے میں انتخابات کرانے سے کترا رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انڈین نیشنل کانگریس مقبوضہ جموں وکشمیر شاخ کے ورکنگ صدررمن بھلا اور سینئر نائب صدر رویندر شرما نے جموں میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ قانون اور آئین کے تحت اربن کوکل باڈیز اور پنچایتی کے انتخابات ایک ماہ قبل کرائے جانے تھے، جموں اور سری نگر میونسپل کارپوریشنوں سمیت تمام میونسپل باڈیز اپنی مدت 14 نومبر تک پوری کر لیں گی جبکہ انتخابات 15 اکتوبر تک کرائے جانے چاہیے تھے لیکن ان میں تاخیر ہوئی ہے۔کانگریس رہنماﺅں نے کہا کہ بی جے پی انتخابات کا سامنا کرنے سے ڈرتی ہے چاہے وہ لوکل باڈیز، پنچایت یا پھر اسمبلی انتخابات ہوں۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کو ہارنے کا خوف لاحق ہو چکا ہے کیونکہ لداخ ہل ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں بھی بی جے پی کو شرمناک شکست ہوئی جو اس کے لیے ایک ٹریلر تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات ہوئے تو بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا۔کانگریس رہنماﺅں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کا انعقاد نہ ہونا اور یو ایل بی اور پنچایتی انتخابات کا التوا جمہوریت کا قتل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آمرانہ طرز حکومت کی وجہ سے عوام کو بہت نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔