منی پور: کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہزاروں افرادکا شدید احتجاج

امپھال:شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں احتجاج شدت اختیار کر گیاہے۔ ریاست کے 5اضلاع میں ہزاروں افراد نے ضلع بشنوپور میں بم دھماکے میں دو بچوں کی ہلاکت پر کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے اور ٹائر جلائے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 7اپریل کو ضلع بشنو پور کے گائوں ترونگلاوبی میں ایک رہائشی مکان پر مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کی جانب سے بم حملہ کیا گیا، جس میں ایک پانچ سالہ بچہ اور اس کی چھ ماہ کی بہن ہلاک ہو گئی تھی ۔ اس واقعے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور امپھال ویسٹ، امپھال ایسٹ، بشنو پور، تھوبل اور کاکچنگ اضلاع میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق تقریبا 500 مظاہرین نے جیلمول کے قریب بھارتی پیراملٹری سی آر پی ایف کیمپ پر دھاوابول کر کیمپ کی عمارت میں توڑ پھوڑ کی اور سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔بھارتی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ سے تین افرادہلاک اور30سے زائد زخمی ہو گئے۔
ادھر امپھال ویسٹ میں سینکڑوں مظاہرین نے آل منی پور یونائیٹڈ کلبس آرگنائزیشن کی قیادت میں ریلی نکالی، تاہم انہیں بھارتی فورسز نے ٹڈیم روڈ پر روک دیا۔






