بھارت کی دھمکی کے بعد اقوام متحدہ کا قدرتی وسائل کی تقسیم برقرار رکھنے پر زور

اقوام متحدہ:سندھ طاس معاہدے کو بحال نہ کرنے کی بھارت کی دھمکی کے بعد اقوام متحدہ نے قدرتی وسائل کی باہمی معاہدوں کے مطابق تقسیم جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سندھ طاس معاہدے کو کبھی بھی بحال نہ کرنے کی دھمکی پرسخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ قدرتی وسائل کو باہمی طور پر طے شدہ معاہدوں کے تحت تقسیم کرنے کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے نیویارک میں معمول کی بریفنگ کے دوران بھارتی وزیر داخلہ کی دھمکی سے متعلق سوال کے جواب میں قدرتی وسائل کی باہمی طور پر تسلیم شدہ معاہدوں کی بنیاد پرتقسیم پر زوردیا۔ واضح رہے کہ ہفتہ کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ٹائمز آف انڈیا کو انٹرویو میں کہا تھاکہ بھارت ایک نہر بنا کر پاکستان کی طرف بہنے والے پانی کو راجستھان لے جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کبھی بحال نہیں ہوگا۔ بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 افراد کے قتل کے واقعہ کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر عائد کرتے ہوئے 1960میں طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کی پیش کی تھی ،جسے بھارت نے مسترد کردیاتھا ۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد جنگ بندی کے باوجود یہ معاہدہ غیر فعال ہے۔





