سید علی گیلانی کی 93ویں یوم پیدائش کے سلسلے میں راولپنڈی میں تقریب کا انعقاد
راولپنڈی 30ستمبر(کے ایم ایس)
تحریک حریت جموں وکشمیرکی آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام رالپنڈی میں بابائے حریت سیدعلی گیلانی کی 93ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک خاص تقریب منعقد کی گئی، جس میں حریت پسندقائدین کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق تحریک حریت کے کنوینرغلام محمد صفی کے علاوہ دیگر مقررین نے اس موقع پر سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے ان کی قربانیوں اور خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام اور کشمیریوں کے نصب العین کے ساتھ سیدعلی گیلانی کی والہانہ وابستگی روز روشن کی طرح عیاں تھی اور اس راہ میں آ نے والے تمام مصائب و آلام کاانہوں نے بڑی بہادری اور خندہ پیشانی کے ساتھ مقابلہ کیا۔مقررین نے کہاکہ اسلام اور جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان سے والہانہ عشق رکھتے تھے جس کا انہوں نے مختلف مواقعپر خصوصاجب وہ بستر مرگ پر تھے اس کااظہار بھی کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ظالم بھارتی انتظامیہ اور قابض فوج نے قائد انقلاب کا جسد خاکی چھین کران کی خواہش کے خلاف حیدر پورہ میں رات کی تاریکی میں ان کی جبراتدفین کی ۔ تاہم انہوںنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیدعلی گیلانی کے جسد خاکی کو مزار شہداعید گاہ میں سپرد خاک کئے جانے تک ان کی خواہش کو زیادہ دیر تک مفر نہیں کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر مقررین نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے مو ثر انداز میں پیش کرنے اور جارحانہ انداز میں بھارتی ظلم و بربریت، انسانی حقوق کی پامالیوں اور ریاستی دہشت گردی کا پردہ چاک کرنے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکر یہ ادا کیا۔