پاکستان کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان

اسلام آباد:پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ا ٓئی سی سی کی جانب سے بنگلہ دیش کی جگہ ا سکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کے فیصلے کے خلاف بطور احتجاج 15 فروری کو کولمبو سری لنکا میں بھارت کے خلاف اپنے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ کا بائیکاٹ کرے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو 7 فروری سے شروع ہونے والے بقیہ ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔اس فیصلے کو بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ آئی سی سی نے پاکستان کو ممکنہ پابندیوں اور مالی جرمانے سمیت سنگین مضمرات سے خبردار کیا ہے۔ٹورنامنٹ میں پاکستان کی شرکت اب یقینی ہے اور ٹیم 7 فروری کو نیدرلینڈز، 10 فروری کو امریکہ اور 18 فروری کو نمیبیا سے ٹکرائے گی۔ اگر پاکستان اپنے فیصلے پر قائم رہتا ہے تو بھارت کو واک اوور دیا جائے گاجس سے اسے دو پوائنٹس مل جائیں گے۔



