بھارتی عدلیہ میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریات کی جھلک نمایاں ہے: مشعال ملک
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی عدلیہ میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریات کی جھلک نمایاں ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے کشمیر ایڈوائزری کمیٹی کے افتتاحی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370کے بارے میں بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے چند ہفتے قبل متعارف کرائے گئے ترمیمی قانون سے ظاہر ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بارے میں مودی حکومت کوپہلے سے ہی علم تھا ۔ انہوں نے کہاکہ سال کا اختتام دنیا کے سامنے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال جیسے دو سنگین چیلنجوں کے ساتھ ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام حق خودارادیت کے حصول کے لئے قابض افواج کی بربریت برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ ان بڑھتے ہوئے مظالم پر توجہ دے۔ مشعال ملک نے کہاکہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے کئے جانے والے غیر قانونی اقدامات سے نمٹنے کے لیے فوری اور طویل المدتی حکمت عملی پر جامع تبادلہ خیال کیاگیا۔ کمیٹی کے ارکان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال خاص طور پر بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے تناظرمیں تجاویز اور سفارشات پیش کیں ۔ مشعال ملک نے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے میں کشمیری تارکین وطن کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے پرامن کشمیری سیاسی جماعتوں پر پابندی کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔مشاورتی اجلاس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی جن میں معاون خصوصی کی فوکل پرسن سبین حسین ملک، کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کنوینر محمود احمد ساغر، محمدفاروق رحمانی،غلام محمد صفی ،سید یوسف نسیم ،شیخ عبدالمتین، محمد رفیق ڈار، سید فیض نقشبندی، آر آئی یو جے کے صدر عابد عباسی، این ڈی یو کے پروفیسر شاہد آفریدی، ڈاکٹر رحیم اعوان ، پروفیسر ظفر اقبال، ڈاکٹر ولید رسول، ڈاکٹر مختار احمد، منظور مسیح اوردیگر شامل تھے۔