APHC-AJK

کل جماعتی حریت کانفرنس ، لیگل فورم فار کشمیر کا ترکیہ ،شام میں زلزلے کے متاثرین کے لئے امداد کا اعلان

اسلام آباد07فروری(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس اور لیگل فورم فار کشمیرنے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع اوراملاک کی تباہی پروہاں کے عوام اور حکومتوںسے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے متاثرین کے لئے امداد بھیجنے کا اعلان کیاہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس اور اور لیگل فورم فار کشمیر نے ایک مشترکہ بیان میں کشمیری عوام کی طرف سے ترکیہ اور شام میں بچائو اورامداد میں تعاون کا اعلان کیاہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امداد کی پہلی کھیپ متاثرہ ممالک کے لیے روانہ ہو رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے عظیم رہنما اور اساتذہ شہید سید علی گیلانی اور شہید اشرف صحرائی نے ہمیشہ انسانیت اور ہمدردی کا درس دیا ہے۔ ہم کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر اور لیگل فورم فار کشمیرکے رضاکار اپنے نظر بند رہنمائوں مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ، ، ہمارے عوام اور قیادت کی جانب سے تہہ دل سے تمام متاثرہ لوگوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ بیان میں کہاگیا اگرچہ بھارت نے ہماری آوازوں کو دبایا ہے، ہمارے لوگوں کو شہید کیااور جیلوں میں ڈالا ہے اورفسطائی بھارتی ریاست ہماری زمینوں اور گھروں کو تباہ کر رہی ہے۔ لیکن ہم انسانی ہمدردی کے فرائض پر کاربند ہیں اور کوئی بھی چیز ہمیں اس سے روک نہیں سکتی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری ترکیہ اور شام کے عوام کے مقروض ہیں کیونکہ انہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھا ہے اور بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت میں ان کی حمایت کی ہے۔ اس لیے ہمارا فرض ہے کہ ہم دکھ اورافسوس کی اس گھڑی میں آپ کی مدد کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button